ماضی میں عمران خان نے احتجاجاً بجلی کے بل جلائے، خورشید جونیجو

292

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ کو اپنے حصے کا پانی نہ دینے، وفاق کی جانب سے ہزاروں ملازمین کی برطرفی اور این ایف سی ایوارڈ نہ دینے کے خلاف پیپلز پارٹی کی جانب سے قمبر بائی پاس پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا جس میں پی پی ضلعی صدر و رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو، سٹی صدر خیر محمد شیخ، وقار بھٹو، میر ماجد بروہی، تحصیل صدر اسد اللہ بھٹو سمیت مرد و خواتین رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ماضی میں عمران خان نے کنٹینر پر مہنگائی کے خلاف احتجاج کرکے بجلی کے بل جلائے اب عوام عمران خان کی حکومت میں مہنگائی کیخلاف اور بل جلانے کے لیے تیار ہوچکے ہیں، وفاقی حکومت نے پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ملک میں ریکارڈ مہنگائی برپا کردی ہے، وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کرکے عوام سے اربوں روپے لوٹنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لڑاؤ اور حکمرانی کرو والی آمرانہ پالیسی کو عوام سمجھ چکے ہیں۔ اب ایسے ہتکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے، پیپلز پارٹی اس کالے آمرانہ قوانین کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی اور ہم میڈیا پر قدغن نہیں لگانے دیں گے۔