میرپور خاص: لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک جا پہنچا

279

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص میں بجلی کے بحران پر قابو نہ پایا جاسکا اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک جا پہنچا، جمعہ کے روز ہونے والی بارش کے بعد بجلی آٹھ کے بعد جزوی طور پر بحال ہوئی، طویل لوڈشیڈنگ کے علاوہ بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ میرپورخاص میں بجلی کے بحران پر قابو نہ پایا جا سکا اور بجلی کا بحران مزید شدت اختیار کرگیا ہے، جمعہ کے روز ہونے والی معمولی بارش کے بعد حیسکو کی جانب سے میرپورخاص کے تمام فیڈرز کی دن پونے دو بجے بجلی کی سپلائی بند کردی گئی اور رات دس بجے بجلی جزوی طور پر بحال کی گئی جبکہ پوری رات بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، حیسکو کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک جا پہنچا ہے اس کے علاوہ بجلی کی آنکھ مچولی اور کم وولٹیج کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ حیسکو کے افسران اور اہلکاروں نے اپنے موبائل فون بھی بند کرلیے جس کی وجہ سے ان سے رابطہ کرنا ناممکن ہو گیا جبکہ حیسکو کے دفتر شکایات کے نمبر سے بھی کوئی جواب بھی نہیں ملا اور دفتر شکایات میں تعینات عملہ غائب رہا لوگوں نے حیسکو افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ حیسکو کا قبلہ درست کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے دیگر صورت میں حیسکو کے دفاتر کا گھیرائو کیا جائے گا۔