دنیا بھر میں کورونا سے اموات کا سلسلہ جاری

330

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء کی چوتھی لہر سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے، دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 23 کروڑ 8 لاکھ 96 ہزار 976 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 47 لاکھ 33 ہزار 119 ہوگئیں ہیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 85 لاکھ 38 ہزار 651 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 98 ہزار 287 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 20 کروڑ 71 لاکھ 15 ہزار 300 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 96 ہزار 867 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 32 لاکھ 42 ہزار 302 ہو چکی ہے۔

ایک ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 45 ہزار 801 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 35 لاکھ 31 ہزار 498 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہ اموات کے حوالے سے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس جان لیوا وائرس سے 5 لاکھ 91 ہزار 518 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 12 لاکھ 47 ہزار 94 ہو گئی۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 35 ہزار 455 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 74 لاکھ 96 ہزار 543 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 2 لاکھ 625 ہو گئیں، اس کے مریضوں کی تعداد 73 لاکھ 33 ہزار 557 ہو چکی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 1 لاکھ 16 ہزار 251 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کُل کیسز 69 لاکھ 64 ہزار 699 رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 62 ہزار 65 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کیسز 69 لاکھ 4 ہزار 285 ہو چکے ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 1 لاکھ 17 ہزار 905 ہو گئی جبکہ اس کے کل کیسز 54 لاکھ 59 ہزار 796 ہو گئے۔

ارجنٹینا میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 1 لاکھ 14 ہزار 579 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 52 لاکھ 43 ہزار 231 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

کولمبیا اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا وائرس 1 لاکھ 25 ہزار 962 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس موذی وباء کے 49 لاکھ 43 ہزار 622 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سعودی عرب اسی فہرست میں 51 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 8 ہزار 672 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 681 تک جا پہنچی ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 333 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 47 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 261 مریض شفایاب ہو گئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 56 فیصد ہوگئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 27 ہزار 374 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 30 ہزار 238 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 61 ہزار 947 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 4 ہزار 641 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 11 لاکھ 40 ہزار 917 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 51 ہزار 139 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 90 لاکھ 1 ہزار 178 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 لاکھ 7 ہزار 310 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 7 کروڑ 48 لاکھ 37 ہزار 117 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جاچکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 48 لاکھ 68 ہزار 18 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

واضح رہے پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر میں کمی آنے لگی ہے، جس کے بعد کورونا کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آنے لگی ہے جبکہ ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر 31 ویں نمبر پر آ گیاہے۔