شکارپور، سول اسپتال میں عدم سہولیات کی وجہ سے خاتون جاں بحق

456

شکارپور (نمائندہ جسارت) دیور نے تو ظلم ڈھایا لیکن اسپتال عملے نے کوئی کسر نہ چھوڑی، سول اسپتال میں سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے خاتون تڑپتی رہی اور جاں بحق ہوگئی۔ سرکاری ایمبولینس میں پیٹرول نہ ہونے پر تھانے کے بڑے منشی نے ڈرائیور کو تیل کے روپے دیے اور ایمبولینس میں آکسیجن بھی رکھوایا۔ تھانہ اسٹورٹ گنج کی حدود ٹھاروپر میں گھریلو تنازع پر دیور کی بھابھی پر فائرنگ کے نتیجے میں 42 سالہ سیمہ سنجرانی شدید زخمی ہوگئی، زخمی خاتون کو اہل محلہ نے اسپتال منتقل کردیا، زخمی خاتون کو فرسٹ ایڈ کے بعد تشویشناک حالت میں سکھر ریفر کردیا گیا، جہاں زخمی خاتون راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد ملزم اکبر سنجرانی موقع سے فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گھریلو تنازع کے باعث پیش آیا۔ واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔