معیشت دشمن صدارتی آرڈیننس واپس لینے کامطالبہ

122

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے سینئر نائب صدر سید لیاقت علی نے ظالمانہ صدارتی آرڈیننس کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے معیشت دشمن صدارتی آرڈیننس فی الفور واپس لیا جائے اور اس قانون میں تاجروں کی مشاورت سے تاجر دشمن شقیں ختم کرنے کے بعد قومی اسمبلی سے منظور کرایا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ قومی اسمبلی کی موجودگی کے باوجود صدارتی آرڈیننس جاری ہونا جمہوری حکومت کے لیے شرمناک ہے ۔موجودہ آرڈیننس معیشت اور تاجر دشمن آرڈیننس ہے اس کے ذریعے ایف بی آر کے اہلکاروں کو ملنے والے اختیارات سے ٹیکس میں اضافے کے بجائے رشوت ستانی کا بازار مزید گرم ہوگا۔ وہ منگل کو روز پاکستان چوک میں تاجروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس سے نائب صدر نویداحمد ،جاوید حاجی عبداللہ ، جنرل سیکرٹری عثمان شریف ، سلیم ملک اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسمال ٹریڈرز اس کالے قانون کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے اوراس کے خلاف بھرپورتحریک چلائی جائے گی۔