شکایات کی تصدیق کیلیے نیب نے سیل قائم کردیا

390

کراچی(رپورٹ: محمد انور) قومی احتساب بیورو نیب نے مختلف سرکاری اداروں کے خلاف ملنے والی شکایات کی تصدیق کے لیے اب ایک شکایت تصدیقی سیل قائم کر دیا ہے جس کا بنیادی کام موصول ہونے والی شکایات کی تصدیق کرنا، اس کے بعد ان شکایات کو مزید کارروائی کے لیے ریجنل ڈائریکٹر جنرل کو ارسال کرنا ہوگا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس سیل کا مقصد باریک بینی سیشکایات کا جائزہ لینا ہے۔ ذرائع کے مطابق غلط شکایات کے باعث وقت کے ضیاع سے بچنے کیلیے اقدام کیا گیا ہے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ کمپلینٹ ویریفکیشن(سی وی سی ) کے قیام کے بعد سیل کے افسران ہر شکایات کی تصدیق کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں کے سربراہوں سے ہی رپورٹ طلب کر رہے ہیں۔ جس کا مقصد یہ ہوا کہ” دودھ پی جانے والی بلی سے ہی دودھ پینے کی تصدیق کی جا رہی ہے”۔ سرکاری اداروں سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے شکایات کی تصدیق کے لیٹر موصول ہوتے ہی متعلقہ افسران شکایات سے متعلق شواہد کو چھپانے کی کوشش کرنے لگے ہیں یا اپنے بچاؤ کے لیے بھاگ دوڑ کرنے لگے ہیں۔ اس ضمن میں نیب کے ذمہ دار افسران کا کہنا ہے کہ تصدیقی سیل کا مقصد بدعنوان عناصر کو خبردار کرنا نہیں بلکہ شکایات کو کاؤنٹر چیک کرنا ہے۔ مذکورہ حکام کا مؤقف ہے کہ شکایات کی تصدیق کی کارروائی بھی نیب آرڈیننس کے شق 27 کے تحت کی جاتی ہے۔