ہماری ایجنسیاں دنیا کی بہترین ایجنسیاں ہیں، وفاقی وزیر داخلہ

644

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اتنی نیوزی لینڈ میں فورسز نہیں ہوں گی جتنی پاکستان نے اُن کی ٹیم کو سکیورٹی دی ہے اور  کابینہ کی منظوری کے بعد ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فوج کی سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ  ساری دنیا میں ہماری ایجنسیاں مضبوط ترین ہیں جبکہ تھریٹ الرٹ کا بتانے والے 5 ممالک اس وقت کہاں تھے جب سیکیورٹی ماہرین دورہ کررہے تھے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بہترین سیکیورٹی دی،ہمیں کسی سے کچھ جاننے کی ضرورت نہیں ،ہماری ایجنسیاں دنیا کی بہترین ایجنسیاں ہیں،جس ای میل کی بات ہورہی تھی وہ تو بعد میں آئی ہے۔

شیخ رشید نے  نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے سکیورٹی کو جواز بناکر سیریز ملتوی کیے جانے اعلان پر کہنا تھا کہ  اپوزیشن نیوزی لینڈ ٹیم کامعاملہ ہم پرڈال رہی ہے، پتہ نہیں آخری وقت نیوزی لینڈ نےکیا فیصلہ کیا، ایک دن آئے گایہ سب یہاں کھیلنے آئیں گے، پاکستان کے عوام کرکٹ سے پیار کرتے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کے شوقین ہیں، وزیر اعظم نے ورلڈ کپ پاکستان کو دیا، میں اس وقت وزیر کھیل تھا، شیشہ کے گھر میں بیٹھ کر ہم پر تنقید نہ کی جائے، کابینہ نے پہلی مرتبہ کسی کرکٹ ٹیم کو فوج کی سیکیورٹی فراہم کی، اتنی فوج نیوزی لینڈ میں نہیں ہو گی جتنی ہم نے ان کی سیکیورٹی پر لگائی تھی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے چہلم کے موقع پر  فوج اوررینجرز تعینات کرنے سمیت موبائل سروس بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 2 شناختی کارڈ یا پاسپورٹ والے افراد 31 اکتوبر تک اپنا ایک شناختی کارڈ اور ایک پاسپورٹ واپس کر دیں اس کے بعد سب دستاویزات بلاک کردیئے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ افغانستان سے ہم نے 16 ہزار لوگوں کا انخلا کیا ہے، 4 ہزار لوگ طورخم اور چمن بارڈر سے واپس گئے ہیں،ہمارا ایک ہی بیانیہ ہے کہ افغانستان میں استحکام اور امن ہو، وزیراعظم عمران خان نے ہمارا بیانیہ تاجکستان میں واضح بیان کیا ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ ہرالیکشن کےبعد دھاندلی کا شورمچایا جاتا ہے، ہماری اپوزیشن انڈر19 کی ٹیم ہے، یہ اپوزیشن الیکشن کی تیاری میں نکل آئی ہے ، ای وی ایم پر حکومت سے بات کرے۔