تعلیم وصحت کے اداروں میں انتہا کی کرپشن ہے،عبدالجمیل خان

179

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے تحت کورنگی کے ایریا حبیب بینک نواب سنز کے قریب ایک روزہ فری آئی کیمپ لگایا گیا۔آئی کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کی آنکھوں کا معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات وڈراپ فراہم کیں جبکہ سفید موتیا آپریشن بذریعہ فیکو فولڈ ایبل لینس کیلیے مریضوں کی رجسٹریشن بھی کی گئی۔امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان، پبلک ایڈ کمیٹی ضلع کورنگی کے صدر محمد شفیق،ناظم علاقہ لانڈھی غربی حسیب احمد خان،سابق یوسی ناظم نادرعلی خان لودھی،نائب ناظم علاقہ محمد کاشف،ناظم حلقہ انیس احمد خان وارڈ نمبر ایک کے صدر ارشد شمیم ودیگر ذمے داران نے آئی کیمپ کا دورہ کیا۔اس موقع پر امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم وصحت کے اداروں میںانتہا کی کرپشن ہورہی ہے،صحت اور تعلیم حکمرانوں کی ذمے داری ہے،لوگ ادویات اور علاج معالجے کیلیے ترس رہے ہیں۔ادویات میں تین سو گنازیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔لوگ غربت مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کی جماعت ہے اور ہم اقتدار میں آکر مفت علاج معالجے کی سہولیات فراہم کریںگے۔غریب آدمی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے،حکمرانوں نے عوام کو دیوار سے لگا دیا ہے۔