لاڑکانہ ، فائر بریگیڈ کی گا ڑیاں خستہ ، دفتر زبوں حالی کا شکار

433

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں 15 لاکھ سے زائد کی آبادی کے لیے سول ڈیفنس کی جانب سے 4 فائر بریگیڈ گاڑیاں مختص، جن میں سے دو گاڑیاں خراب ہونے کی وجہ سے ناکارہ کھڑی ہیں، دفتر کی چھت بھی زبوں حال، فرنیچر سمیت دیگر سہولیات کے فقدان کے باعث عملے کو ڈیوٹیاں سرانجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہیدوں کے شہر لاڑکانہ کی حالیہ آبادی 15 لاکھ سے تجاوزت کرچکی ہے تاہم سول ڈیفنس کی جانب سے شہر بھر میں آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے کے لیے صرف چار گاڑیاں موجود ہیں جن میں سے دو گاڑیاں خراب ہونے کی وجہ سے ناکارہ کھڑی ہیں جبکہ دفتر کی چھت بھی زبون حال اور عمارت کھنڈرات کا منظر پیش کررہی ہے جو کسی وقت بھی کسی ممکنہ حادثے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی دور حکومت میں برطانیہ سے ملنے والی اسنارکل گاڑی بھی ناکارہ ہے جبکہ فائر بریگیڈ گاڑیوں کی مرمت بھی نہ ہوسکی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ خراب گاڑیوں کی مرمت کے لیے 27 لاکھ روپے جاری کیے گئے لیکن اس کے باوجود گاڑیوں خراب حالت میں موجود ہیں اور کئی ماہ سے گاڑیوں کا آئل اور فلٹر بھی تبدیل نہیں کیا جاتا، عملے کو گزشتہ کئی سال سے وردیاں بھی نہ ملی ہیں اور نہ انہیں رسک الاؤنس دیا جا رہا ہے جبکہ آفس کا ایمرجنسی نمبر 16 بھی کئی ماہ سے خراب ہونے کی وجہ سے بند ہے جس کے باعث آتشزدگی کی صورت میں متاثرین دفتر آکر اطلاع دیتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ فائربریگیڈ کی خراب گاڑیوں کی مرمت کرکے دفتر میں بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔