ڈرگ ڈیلر حاجی عصمت کے کارندے سمیت 51 ملزم گرفتار

145

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پولیس نے چھاپامار کارروائیوںمیںڈرگ ڈیلرحاجی عصمت کے کارندے سمیت 51ملزم گرفتارکرلیے ۔ ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ تبسم نے بتایا ہے کہ تھانہ شارع نور جہاں پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی ڈرگ ڈیلر حاجی عصمت کے کارندے باچارحمان کو گرفتار کر لیا،ملزم کو دوران اسنیپ چیکنگ 10 کلو چرس سمیت گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم موٹرسائیکل پر فروٹ کے بیگ میں چرس لے جارہا تھا،ملزم کی نشاندہی پر سلیمان نامی منشیات فروش کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار سلیمان کو کوئٹہ کا ڈیلر ہاشم منشیات بھجواتا ہے، دوران تفتیش ملزم باچارحمان سے مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، گرفتار ملزم باچا رحمان نے بیان میں بتایا ہے کہ برآمد ہونے والی چرس باجوڑ کے بین الصوبائی منشیات فروش حاجی عصمت کی ہے، حاجی عصمت فی کلو چرس پر 2 ہزار روپے کمیشن دیتا ہے،مال بائے روڈ ٹرکوں، بسوں، کاروں کے ذریعے بلوچستان سے آتا ہے،منشیات حب چوکی سے ہوتی ہوئی کراچی سبزی منڈی پراتاری جاتی ہے،چرس کو مختلف سبزیوں اور پھلوں کی پیٹیوں میں بند کیا ہوتا ہے، گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ فروٹ اور سبزی کی پیٹیوں پر کسی کا شک نہیں جاتا،چرس کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرکے کمیشن لیتا ہوں،گرفتار ملزم سے پولیس مزید تفتیش کررہی ہے۔ ڈسٹرکٹ سٹی انویسٹی گیشن پولیس نے کامیاب پیشہ ورانہ کارروائیاں کرتے ہوئے عدالت سے مفرور 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گڈاپ پولیس نے کارروائی کے دوران اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور ایک کلو سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی چرس بھی برآمد کی گئی ہے ۔ جیکسن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث بدنام زمانہ منشیات فروش ملزم کو گرفتار کرلیا۔پاکستان رینجرز (سندھ) اور پو لیس نے انٹیلی جنس معلو مات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علا قے اورنگی ٹاؤن کٹی پہاڑی سے دو انتہائی مطلوب ملزمان صادق عرف لنگڑا اور عامر عرف دورانی کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سندھ رینجرزکے مطابق ملزمان نے 5 جون 2021 کوتلخ کلامی پر ایک نوجوان شہزاد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ پیر آبادمیں ایف آئی آر بھی درج ہے۔ دوران تفتیش ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں موسیٰ چھرا، عدنان، عجب خان اور سیف اللہ کے ساتھ مل کر ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔درخشان پولیس نے عبدالغفار اور غلام حیدر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ، ناظم آباد پولیس نے 5منشیات فروش فرحان، فاروق، زبیر، روح الامین اور شہباز خان،نیو ٹاو ن پولیس نے تین منشیات فروش محمد سراج، محمد غفور اور ظفر ملک،جمشید کوارٹرز پولیس نے منشیات فروش ریاض ،شیرشاہ پولیس نے منشیات فروش یاسر مقصود، بوٹ بیسن پولیس نے منشیات فروش جہانگیر ،شاہراہ فیصل پولیس نے منشیا ت فروش گوپی چند،ڈاکس پولیس نے منشیات فروش محمد صادق،موچکو پولیس نے گٹکا کی اسمگلنگ میں ملوث بس ڈرائیور حبیب اللہ،جمشید کوارٹرپولیس نے گٹکا بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر8 ملزمان اور بلوچ کالونی پولیس نے گٹکا ماوا فروش دو ملزمان احمد رضا اور لقمان شاہ کو گرفتارکرکے گٹکا برآمد کرلیا۔ منگھوپیر واٹر بورڈ کالونی خیبر ہوٹل کے قریب دو گروپوں میں تصادم منگھوپیر پولیس نے دونوں گروپوں کے 12 افراد کو حراست میں لے لیا ۔