پی ایس ایکس نے بہترین اسلامک اسٹاک ایکسچینج ایوارڈ اپنے نام کرلیا

442

کراچی(اسٹاف رپورٹر )عالمی سطح پر اوربالخصوص اسلامی دنیا میں ایک اہم اعزاز حاصل کرتے ہوئے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈز (GIFA) کی جانب سے بہترین اسلامک اسٹاک ایکسچینج ایوارڈ 2021 اپنے نام کرلیا۔ GIFA اسلامی دنیا میں بینکنگ اور فنانس کے حوالے سے ایک بین الاقوامی سطح کا قابل احترام اور نمایاں پلیٹ فارم ہے۔یہ ایوارڈز 2011 سے، عالمی سطح پر ان افراد، اداروں اور سرکاری محکموں کو دیے جا رہے ہیں جنھوں نے اسلامی بینکنگ اور فنانس کو فروغ دینے اور سماجی ذمہ داری کے عزم کے لحاظ سے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ GIFA واحد عالمی اسلامی فنانس ایوارڈ پروگرام ہے جسے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور اسے نمایاں حیثیت حاصل ہے جبکہ اس میں وہ تمام ادارے اور افراد شامل ہیں جنھوں نے شرعی صداقت کے ساتھ اسلامی بینکاری اور مالیات کی ترقی اور توسیع میں حصہ ڈالا ہے۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج شریعت کے مطابق مصنوعات فراہم کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جس میں وقف شدہ اسلامی انڈیکس، شریعت کے مطابق ایکویٹی اور قرض کے دستاویزات شامل ہیں۔