یہود کے مذہبی تہوار پر بیت المقدس اور غرب اردن بند

385
مقبوضہ بیت المقدس: قابض صہیونی فوج نے شہر کے اہم مقامات اور شاہراہوں کو بند کررکھا ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوج نے یہودیوں کے مذہبی تہوار کی آڑ میں مقبوضہ مغربی کنارے کے تمام شہروں کو سیل کردیا ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کی طرف سے جاری ایک بیان اسرائیلی اخبارات میں شائع ہوا ، جس میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی کے درمیان سرحد کو یہودیوں کے مذہبی تہوار کے موقعے پر سیل کردیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غرب اردن میں فوجی نفری میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مذہبی تہوار کے موقع پر تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہے اور سرکاری سطح پر تعطیل رہی۔دوسری جانب اسرائیلی جیلوں میں جبرو تشدد اور مظالم کا شکار فلسطینی اسیران کی حمایت میں امریکا اور یورپی ممالک میں بھی آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ امریکی شہر واشنگٹن اور سوئیڈن میں فلسطینی اسیران کی حمایت میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں،جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ سوئیڈن کے شہر مالمو میں قابض ریاست کی جیلوں میں قید فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے تحت ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔ مظاہرین نے فلسطینی اسیران کی رہائی اور ان پر جاری مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا۔ مالمو کے مولوفنگ اسکوائر میں یورپی اتحاد برائے فلسطین نے اسیران کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں بائیں بازو کے عرب گروپ اور کلرز ایسوسی ایشن چار اور گروپ 194 کے ارکان نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ مظاہرے میں بڑی تعداد میں سماجی کارکنوں اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ انہوں نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن میں فلسطینی اسیران کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔شرکا نے آزادی ٹنل کے قیدیوں کو سلام پیش کیا ، جنہوں نے صہیونی سیکورٹی سسٹم کو توڑڈالا۔