سلیکٹڈ حکمرانوں کو عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں، راشد محمود سومرو

85

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ قوم کو خوشنما نعروں کے پیچھے لگاکر مسائل کے دلدل میں دھکیلا جارہا ہے، موجودہ حکمراں سلیکٹڈ اور عوام کے مسترد شدہ ہیں ،عوامی مسائل کے حل سے انہیں کوئی سروکار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے کراچی میں موجود اراکین مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اراکین عاملہ مولانا عبد الکریم عابد، محمد اسلم غوری ، مولانا محمد غیاث، مولانا سمیع الحق سواتی ، امین اللہ ودیگر شریک ہوئے۔ علامہ راشد محمود سومرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ سرکار صوبے کو اپنی ملکیت سمجھ کر عوام کا خون چوس رہی ہے، ایکسپو سینٹر کراچی میں اپنی جانوں پر کھیل کر کورونا ویکسی نیشن کرنے والا عملہ گزشتہ 4ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہے، ملازمین کو فی الفور تنخواہیں ادا کی جائیں ، صوبے کے تمام اسپتال تباہی کے دہانے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکارپور سول اسپتال کی حالت زار یہ ہے کہ وہاں پیناڈول کی گولی تک میسر نہیں ، ریڈیالوجی کا کوئی ڈاکٹر تک موجود نہیں، مریضوں کو سکھر اور لاڑکانہ بھیجا جارہا ہے جو حکومتی غفلت کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے سندھ کے دیہی اور شہری علاقوں کو مسائل کے دلدل سے نکالنے کا عزم کررکھا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ضلع غربی کی جغرافیائی حدود میں رد وبدل اور نئے ضلع کیماڑی بننے پر دونوں اضلاع میں از سرنو تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کیلیے انتخابات کیے جائیں گے۔ دونوں اضلاع میں الیکشن 4 اور 5اکتوبر کو منعقد ہوں ، اراکین مجلس عمومی کو جلد ہی دعوت نامے جاری کردیے جائیں گے۔