بلدیہ کراچی کے کرپٹ افسران نے کھارادر میں نالے پر تجارتی پلاٹ تخلیق کردیا

211

کراچی( رپورٹ :محمد انور ) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ لینڈ لیز اور اسٹیٹ کے بدعنوان افسران نے عدالت عظمیٰ کے واضح احکامات کے خلاف ورزی کرتے ہوئے کھارادر میں ایک نالے کے راستے پر غیر قانونی پلاٹ تخلیق کرکے اسے مکمل غیر قانونی طور پرلیز بھی کردیا، ایک حساس ادارے نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایک طرف تو عدالت عظمیٰ نالوں پر تعمیر تمام عمارتوں کو غیر قانونی قرار دے رہی ہے دوسری طرف کرپٹ افسران نالوں کی زمین پر غیر قانونی پلاٹوں کی تخلیق کرکے انہیں فروخت کرنے کے ان کی لیز کا اجراشروع کیا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھارادر جماعت خانے کے قریب سے گزرنے والے نالے پر کے ایم سی افسران نے 83 گز کا ایک پلاٹ غیر قانونی طور پر تخلیق کرکے اس سے ملی بھگت کے ساتھ ایک شخص کولیز کر دیا ہے۔ جبکہ بلدیہ کے ریکارڈ میں یہاں کوئی پلاٹ موجود نہیں ہے۔ مذکورہ پلاٹ سمیت دیگر خلاف قانون پلاٹوں کی لیز جاری کرنے میں مبینہ طور پر موجودہ ڈائریکٹر لیز لینڈ طارق صدیقی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر امجد حسین زیدی برا ہ راست ملوث ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی طرح ذوالفقار آباد ٹرک ٹرمینل میں محکمہ اسٹیٹ کی طرف سے الاٹ کی گئی سات سو دکانوں کی الاٹمنٹ میں بھی مبینہ بے قائدگیوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔حساس ادارے کے ذرائع کے مطابق پلاٹوں کی خلاف قانون لیز کے بیشتر معاملات گزشتہ سالوں میں جاری لیزز کی چھان بین کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی آڑمیں کیے جارہے ہیں ۔ جبکہ اس ضمن میں مذکورہ کمیٹی کے ارکان خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔