الیکشن کمیشن نے جانبداری کا الزام لگانے پر فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹس جاری کردیئے

294

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جانبداری کا الزام لگانے پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال ملک  نے کی۔ ذرائع کے مطابق پیمرا نے الیکشن کمیشن کو وفاقی وزرا کے الزامات والے کلپس بھجوائے جن کا اجلاس میں تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزرا کی جانب سے الیکشن کمیشن پر لگائے گئے الزامات پر ای سی پی نے دونوں وفاقی وزرا سے جواب طلب کرلیا ہے، الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹسز جاری کرکے ان سے لگائے گئے الزامات کے ثبوت مانگے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور میں وفاقی وزیر اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن پر یلغار کردی تھی اور الزام عائد کیا کہ تھا الیکشن کمیشن حکومت کا مذاق اڑا رہا ہے اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔