اٹلی : چاقو حملہ کرنے والا صومالی شہری گرفتار

200

روم (انٹرنیشنل ڈیسک) اٹلی کے سیاحتی شہر ریمینی میں چاقو کے وار سے 5افراد کو زخمی کرنے والے صومالی باشندی کو گرفتار کرلیا گیا۔ اٹلی کی پولیس نے پناہ حاصل کرنے کے خواہش مند 26 سالہ صومالی نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور مبینہ طور پر بغیر ٹکٹ کے ایک بس میں سوار ہونے کی کوشش کر رہا تھا،جس میں ناکامی پر اس نے ٹکٹ چیکر پر حملہ کردیا۔ اس کے بعد وہ جائے وقوع سے فرار ہوگیا اور بھاگتے ہوئے 3دیگر افراد کو بھی زخمی کر دیا۔ پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ کسی دہشت گردی کے مقصد سے نہیں کیا گیا تھا ، بلکہ حملہ آور نشے کی حالت میں تھا اور ہنگامے کے دوران اس نے لوگوں پر چاقو سے وار کردیے۔ملزم نے نے اٹلی میں پناہ کے لیے درخواست دے رکھی ہے ۔ ادھر سابق نائب اطالوی وزیر اعظم اور بائیں بازو کی لیگا نورڈ پارٹی کے رہنما میتھیو سالوینی کو اس واقعے کو لے کر مہاجرین کے خلاف ایک موقع ہاتھ آگیا اور انہوں نے مہاجرین کی ملک بدری کی مہم شروع کردی ہے۔ انہوں نے اس واقعے پر اطالوی وزیر داخلہ لوسیانا پر سخت نکتہ چینی کی اور تارکین وطن پر کنٹرول کے لیے سخت اقدامات کرنے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ میتھوسالوین اپنے دور میں سخت گیر اقدامات کے باعث مہاجرین کے دشمن تصور کیے جاتے تھے۔