چار ستمبر”تہذیب ہے حجاب” کے نام سے منایا جائے گا، عالیہ منصور

403

کراچی: جماعت اسلامی کراچی میڈیا سیل کی ڈائریکٹر عالیہ منصور کا کہنا ہے کہ حجابی تہذیب پر مبنی معاشرہ ایسا ہے جہاں مردو عورت دونوں سے پاکیزگی اور وقار کی توقع کی جاسکے۔

“یوم حجاب ” مہم کے حوالے سے صوبائی اور ضلعی میڈیا ٹیم کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ منصور نے کہا کہ حجاب کے تصور کو بڑے کینوس پر دیکھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے، حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت  4 ستمبر کو عالمی یوم حجاب منایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال یوم حجاب کے لئے “تہذیب ہے حجاب” کا عنوان منتخب کیا گیا ہے یعنی حجاب محض مسلمان خواتین کے لباس کا حصہ  نہیں ہے بلکہ حیا و حجاب ایک تہذیب کا مظہر ہے۔

عالیہ منصور کا کہنا تھا کہ حیا و حجاب جس معاشرے کا عمومی کلچر بن جائے وہاں  اسلامی تہذیب کے اثرات اجتماعی و انفرادی زندگیوں میں نمایاں ہوتے ہیں  چنانچہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تصور حجاب کو عام کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی دردانہ صدیقی 3ستمبر کو پریس کانفرنس کے ذریعے اس مہم کا آغاز کریں گی، ملک کے  بڑے شہروں میں “حجاب کانفرنسز ” اور “حجاب سیمینارز ” کا انعقاد کیا جائے گا۔