ملک دشمن سرگر میوں میں ملوث2 دہشتگردوں سمیت 13گرفتار

199

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ملک دشمن سرگر میوں میںملوث2 دہشتگردوںسمیت 13گرفتارکرلیے گئے ۔تفصیلات کے مطابق کیماڑی پولیس نے ملک دشمن ایجنسی کے پیروکار، سہولت کار اور دہشتگردی میں ملوث2 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کیماڑی پولیس نے حساس اداروں کے ہمراہ بڑی کارروائی کرتے ہوئے میرا ںناکہ شیرشاہ سے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔دونوں ملزمان کی شناخت ندیم علی عرف روپلو ولد خیر محمد مغیری اور وسیم علی آریجو ولد سکندر علی آریجو کے نام سے ہوئی ہے، اور گرفتاری کے وقت ان کے قبضہ سے دو ہینڈ گرنیڈ اور ملک دشمن لٹریچر پر مبنی سی ڈی برآمد ہوئی۔فدا حسین جانوری نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ پڑوسی ملک دشمن ایجنسی کی آشیرباد سے سوشل میڈیا پر ملک دشمن پروپیگنڈہ اور دہشتگردانہ کارروائیوں کے لیے نئے لوگوں کی ذہن سازی اور کارروائیوں کی پلاننگ میں ملوث ہیں۔ ائرپورٹ پولیس نے تاجر کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے نجی کارگو کے ملازم سمیت 2 ملزمان گرفتار کرلیے، ملزمان سے19آئی فون اور 8لاکھ 90ہزار روپے برآمد ہوئے۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادرکے مطابق گرفتار ملزمان میں افروز احمد اور ارشد شامل ہیں، تاجرذیشان یعقوب کی شکایت پر کارروائی کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ تاجر کے مطابق اس نے کوریا سے2 شپمنٹس منگوائی تھیں، پہلی شپمنٹ میں 6 جبکہ دوسری میں 25 آئی فون غائب تھے، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کارگو ملازم کو گرفتار کیا۔عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ ساتھی ملزم موبائل فون کی دکان کا مالک ہے۔ قائدآباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیوں کے دوران اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ، چار کلو سے زائد چرس اور کچی شراب برآمد ہوئی ۔ ڈیفنس کے پوش ایریا میں آئس سپلائی کرنیوالے آئس سپلائر توصیف کو ٹیکری کالونی سے گرفتار کرلیا ۔توصیف بذریعہ موبائل فون ڈیفنس کے امیر زادوںاور لڑکیوں کوآئس فراہم کرتاہے،آئس کے ساتھ ساتھ چرس کا دھندہ الگ سے چلا رہا ہے۔بلدیہ پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث دو ملزمان وقاص رضا اور محمد الطاف کو گرفتار کر کے چوری ہونے والی موٹرسائیکل نمبری KLC3174 برآمد کر لی ۔گلشن معمار پولیس پارٹی نے ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ۔آرٹلری میدان پولیس پارٹی نے کارروا ئی کے دوران موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم کو گرفتا ر کرلیا ۔