سی ٹی ڈی نے کالعدم سپاہ محمدکا اہم کارندہ گرفتارکرلیا

120

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) نے عائشہ منزل پر کارروائی کرتے ہوئے سپاہ محمد کے کارندے کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کراچی نے سروس روڈ اسلامک ریسرچ سینٹر عائشہ منزل پر کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے کارندیسید علی رضا نقوی عرف علی رضا ولد سید محمد ثقلین نقوی کو گرفتار کر لیا،ملزم علی رضا نقوی کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ ملزم اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد بیرون ملک چلا گیا تھا اور واپس آنے کے بعد اپنا گینگ دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کررہا تھا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم نے شریف آباد ، تیموریہ اور دیگر علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کی، ملزم نے مسجد میں نمازیوں پر فائرنگ کی جس سے آٹھ نمازی شہید ہوئے ، ملزم قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور گرفتار ی کے وقت بھی ملزم واردات کی غرض سے جارہا تھا کہ سی ٹی ڈی نے گرفتار کر کے ملزم سے ایک TT پستول 30 بور 6 گولیاں لوڈ میگزین برآمد کرلیا،ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مخالف تنظیم کے افراد کے قتل کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف بھی کیا ہے جبکہ ملزم کا ایک ساتھی پہلے ہی گرفتار ہوچکا ہے۔پولیس کاکہناہے کہ ملزم شام میں لڑنے والی تنظیم زینبیون کے لڑکوں سے بھی رابطہ میں ہے ۔