الخدمت ،کے ایم سی تعاون سے ضلع کیماڑی میں بھی اسپرے

108

کراچی (اسٹاف رپورٹر) الخدمت اور کے ایم سی کے اشتراک سے ضلع کیماڑی میں بھی جراثیم کش اسپرے کا آغازکردیا گیا۔اسپرے مہم کی افتتاحی تقریب دفتر ضلع میں منعقد ہوئی، جہاں دعائے خیر کے بعد امیر جماعت اسلامی ضلع کیماڑی فضل احد نے گاڑیوں کومختلف علاقوں میں اسپرے کے لیے روانہ کیا ۔اسپرے مہم میں بڑی تعداد میں الخدمت کے رضاکاروں نے حصہ لیا جبکہ مکینوں نے اسپرے مہم کو سراہا اور الخدمت کی کاوشوں کی تعریف کی۔اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب میں امیر ضلع نے کہا کہ بیماریوں سے بچائو اور تعفن کے خاتمے کے لیے اسپرے مہم وقت کی ضرورت ہے۔الخدمت ہمیشہ کی طرح مشکل وقت میں شہریوں کی خدمت کے لیے موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں گندگی کے ڈھیر اور تعفن کا راج ہے۔صفائی کی ناقص صورت حال سے بیماریاںپھیلنے کا اندیشہ ہے۔جراثیم کش اسپرے کی بدولت بیماریوں کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملے گی۔جماعت اسلامی خیر کے ہر کام میں حکومت کے شانہ بشانہ ہے۔الخدمت کی فلاحی سرگرمیاں کسی تعارف کی محتاج نہیں۔الخدمت کے تحت علاقہ ماڑی پور ، مشرف کالونی ،اتحاد ٹائون، میٹروول، فرنٹیئر، بلدیہ، شیر شاہ، نئی آبادی ،پاک کالونی اور نیول سمیت ضلع کیماڑی کے مختلف علاقوں میں اسپرے کیا گیا۔