پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات سے خوفزدہ ہے،خرم شیرزمان

118

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ گزشتہ 13سالوں سے صوبہ سندھ کے حالات بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں۔ 2020ء میں بلدیاتی حکومتوں کے اختتام کے بعد صوبائی حکومت آئین کے تحت120دن کے اندر بلدیاتی انتخابات کروانے کی پابند تھی۔بلدیاتی حکومتوں کے خاتمے کو ایک سال گزر جانے کے بعد بھی پیپلز پارٹی الیکشن نہیں کروا رہی۔ پیپلز پارٹی کو خوف ہے کہ کشمیر، گلگت، پنجاب ، کے پی اور بلوچستان کی طرح سندھ سے بھی ان کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ہم عدالت کے مشکور ہیں کہ ہماری درخواست سماعت کے لیے منظور کی گئی۔یہ باتیں انہوں نے سندھ ہائی کورٹ میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے اور غیر سیاسی ایڈمنسٹریٹرز لگانے کے حوالے سے دائر کی گئی پٹیشن کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سندھ اسمبلی میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بلال غفارسمیت پی ٹی آئی لائرز ونگ کے رہنما موجود تھے۔