شہدا کی قربانیوں کے طفیل امن حاصل ہوا، مشتاق مہر، عمران یعقوب

72

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ مشتاق مہر اور کراچی پولیس کے سربراہ اے ڈی آئی جی عمران یعقوب منہاس نے کہا ہے کہ یوم شہدا پولیس افسران اور جوانوں سے تجدید عہد کا دن ہے، سندھ اور کراچی پولیس کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کے ثمرات صوبے میں امن کی بحالی اور عوام کے تحفظ کی صورت میں حاصل ہوئے۔ اب تک سندھ پولیس کے2355 افسران و جوانوں نے دہشت گردی کے خاتمے اور جرائم کی سرکوبی کے لیے جام شہادت نوش کیا۔آئی جی سندھ نے سی پی او میں قائم یادگار شہدا پر سلامی دی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پرشہدا پولیس کے بچے بطور مہمان خصوصی موجود تھے، جنہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے،یوم شہدا پولیس کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ کہ ملکی سطح پر 4 اگست کے روز ہر سال یوم شہدائے پولیس منانے کا مقصد شہدا کی جرائم کے خلاف بے پناہ جرأت اور کارہائے نمایاں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان کے لواحقین میں یہ احساس اجاگر کرنا ہے کہ وہ تنہا نہیں بلکہ پولیس پولیس فورس ان کے ساتھ ہے۔ کراچی پولیس کے سربراہ نے اس موقع پر کہا کہ شہید محکمے کا فخر ہیں اور شہدا کے خاندان کی فلاح وبہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔کراچی پولیس کی تاریخ قربانیوں اور بہادری سے منسوب ہے۔