چیف جسٹس نے مندر میں توڑ پھوڑ کا نوٹس لے لیا، کیس سماعت کیلئے مقرر

209

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے رحیم یار خان میں مندر میں توڑ پھوڑ کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیس کل ہی سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹر رمیش کمار نے اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کی اور رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں مندر پر ہونے والے ’حملے‘ سے متعلق گفتگو کی۔

بعد ازاں چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے رحیم یارخان میں مندر پر حملے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رحیم یارخان میں مندر پر حملہ کیس میں چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کل سپریم کورٹ میں طلب کرلیا ہے۔

یاد رہے پنجاب کے علاقے صادق آباد کے نواحی شہر بھونگ میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا مذہبی رنگ اختیار کرگیا تھا، جس کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں قائم قدیم مندر پر حملہ کیا اور اُسے نذر آتش کردیا۔

بعد ازاں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ رحيم يارخان انتظاميہ سے بات ہوئی ہے،فتنہ فساد پھيلانےوالوں كو کسی صورت معاف نہیں كيا جائےگا، بھونگ شہر میں ہونے والے حملے کی تحقیقات جاری ہیں، مندرپرحملہ كرنے والے جلد قانون كے شكنجے ميں ہوں گے۔