ملکی معیشت کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے، خرم شیرزمان

127

کراچی(آن لائن) تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان ملکی معیشت کو نقصان نہیں پہنچانے دیں گے، تاجر برادری کے ساتھ ہیں، عمران خان نے بھی سندھ حکومت کے لاک ڈاﺅن کی سخت مذمت کی ہے۔پیر کو خرم شیر زمان اور پارٹی رہنما سمیر میر شیخ نے لائٹ ہاﺅس میں کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے رہنماﺅں جمیل پراچہ، جمال سیٹھی،شرجیل گوپلانی اور حاکم خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی اور تاجر رہنماﺅں نے سندھ حکومت کی لاک ڈاﺅن کی مخالفت کی اور کاروبار پر عاید کی جانے والی پابندیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے پر اتفاق کیا۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا پر قابو پانے کی دنیا میں مثال دی جارہی ہے۔ سندھ میں ویکسین وفاقی حکومت فراہم کررہی ہے لیکن سندھ حکومت کی نالائقی ہے کہ یہ ویکسین لگانے میں ناکام رہے ہیں۔ اس موقع پر تاجروں کا کہنا تھا کہ حکام بالا سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں شہر میں کاروبار کھولنے کی اجازت دی جائے ۔