حکومت ویمن چیمبرزکے قیام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر زمین فراہم کرے،ظفر بختاوری

182
سیکرٹری جنرل یوبی جی ظفر بختاوری،صدر راولپنڈی ویمن چیمبر نیلم خالد اور سینئر نائب صدر رخشندہ جبیں سے ملاقات کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) یونائیٹڈ بزنس گروپ پاکستان کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ حکومت ان تمام چیمبرز جن کے پاس اپنی بلڈنگ نہیں ہے انہیں بلڈنگ کی تعمیر کے لیے زمین فراہم کرے تاکہ ملک میں کاروبار اور کاروباری افراد کو آگے لانے کے لیے مناسب ماحول فراہم ہو سکے اور اس سلسلے میں خواتین کے چیمبرز کو ترجیح دینی چاہیے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوبی جی کی سینٹرل سیکریٹریٹ کے دفتر میں راولپنڈی ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔جس کی سربراہی چیمبر کی صدر نیلم خالد اور سینئر نائب صدر رخشندہ جبیں نے کی۔ ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انہیں معاشی طور پر مستحکم کرنا اور ان کے کاروبار میں تعاون کرنا ضروری ہے اور تبھی بہتر نتائج فراہم ہو سکیں گے کہ جب وہ خود معاشی طور پر خود کفیل ہوں گی۔ انھوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی کہ ملک کے تمام خواتین چیمبرز کو ترجیح بنیادوں پر پلاٹ دیے جائیں اور ملک کی بزنس کمیونٹی چیمبرز کی بلڈنگ کی تعمیر میں مدد اورتعاون فراہم کرے ۔