عیدکے بعدہفتہ وار صفائی ،50ہزار ٹن کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل

104

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر چنہ کی ہدایت پر عیدالاضحی کے بعد ہفتہ وار صفائی مہم کے دوران 50 ہزارٹن سے زائدکچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ آلائشوں کے ساتھ بڑی مقدار میں کچرا بھی لینڈ فل سائٹ منتقل کیا گیا تھا لیکن عیدالاضحی میں قربانی کے جانوروں کی باقیات، بھوسہ مٹی کی وجہ سے کچرے کی مقدار بڑھ جاتی ہے لہٰذا صفائی مہم کے ذریعے تمام پوائنٹس کی صفائی یقینی بنائی گئی ہے۔اس سلسلے میں میکینکل سوئپنگ اور واشنگ کے ذریعے سڑکوں کی صفائی کی گئی، اس کے علاوہ مون سون بارش کے پیش نظر نالوں کو اوورفلو سے بچانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں، نالوں میں یا اطراف میں کچرا پھینکنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے 144(6) کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی سفارشات پرکمشنر کراچی نے نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں جو نالوں میں کچرا ڈال کر چوک کرتے ہیں جس سے برسات کا پانی آبادیوں میں داخل ہوکر جان و مال کے نقصان کا سبب بنتاہے۔ ایم ڈی زبیر چنہ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی صفائی ستھرائی کسی ایک فرد یا ایک ادارے کا کام نہیں بلکہ ہم سب کی ذمے داری ہے، ایک ذمے دار شہری کی حیثیت سے کچراکھلی جگہ پھینکنے کے بجائے مقررہ کچرا کنڈیوں میں تھیلیوں میں بند کر کے رکھیں اور ایسے افراد کی نشاندہی کریں جو شہر کو نقصان پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی رکھنے میں شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔