شعبہ زراعت کو لاک ڈاؤن سے استثنا دیا جائے، زبیر تالپور

152

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ آبادگار اتحاد کے صدر نواب زبیر تالپور نے صوبے میں نافذ لاک ڈاؤن میں زرعی شعبے سے منسلک کاروبار کی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبے کو لاک ڈاؤن میں استثنا دینے سے ملک ترقی کرے گا، زرعی ادویات اور سے منسلک دیگر کاروبار کو کھولنے کی اجازت دی جائے، لاک ڈائون کی وجہ سے صرف کپاس کی فصل میں روزانہ کی بنیاد پر ایک ارب روپے کا نقصان ہوگا۔ یہ بات انہوں نے سندھ آبادگار اتحاد کے ہنگامی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 31 جولائی سے لاک ڈاؤن نافذ کرکے زرعی شعبے کو بھی رعایت نہیں دی، نوٹیفکیشن میں زرعی کاروبار سے منسلک دکانیں بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، جس سے زرعی شعبے کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ اندرون سندھ میں کپاس کی فصل تیار ہے، روزانہ ایک لاکھ من کپاس کی کٹائی کرکے مارکیٹ میں پہنچائی جاتی ہے، کاروبار کی بندش سے کپاس کی کٹائی نہیں ہوسکے گی، جس سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوجائیں گے جبکہ ایک لاکھ من کپاس روزانہ خراب ہوگی جس سے صرف کپاس کی فصل کی مد میں ایک ارب روپے کا نقصان ہوگا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اس وقت سبزی اور پھل کی بوائی کا عمل جاری ہے، فصلوں کو بروقت زرعی ادویات اور پانی کی ضرورت ہے، کاروبار بند ہونے سے کروڑوں روپے کی فصل سوکھ جائے گی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ لاک ڈائون میں زرعی شعبے کو استثنا نہ دیا گیا تو اس شعبے کو شدید نقصان ہوگا۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ زراعت سے منسلک کاروبار کو کام کرنے کی اجازت دی جائے۔