سندھ دراوڑ اتحاد نے اسمبلی کے باہر احتجاج مؤخر کردیا

258

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ دراوڑ اتحاد نے یکم اگست سے سندھ اسمبلی کراچی کے سامنے احتجاجی دھرنے کا پروگرام لاک ڈاؤن کے باعث مؤخر کردیا۔ اتحاد کے رہنما امرشی ٹھاکر، فقیر شیوا کچی، سردار کیم چند بھیل، نرمل کمار میگھواڑ نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ہندو لڑکیوں کو اغوا کرکے زبردستی مذہب تبدیل کرانے کیخلاف اتحاد کی جانب سے سندھ اسمبلی کے سامنے یکم اگست سے احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا تھا، جس میں سندھ بھر سے ہندو برادری کے لاکھوں افراد شریک ہونا تھے لیکن حکومت سندھ نے ٹھیک اسی تاریخ سے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جس کو ہم سازش سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندو برادری کی لڑکیوں کے مذہب تبدیل کرانے کے حوالے سے سندھ حکومت قانون پر عمل کرائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہندوؤں کی مذہبی تعلیمات کو نصاب تعلیم کا حصہ بنایا جائے، ہندو برادری کو ڈبل ووٹ کا حصہ دیا جائے اور زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائے۔