چرم قربانی مہم میں بچوں کی شرکت لائق تحسین ہے، محمد یوسف

212

کراچی (پ ر) جماعت اسلامی ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف نے کہا ہے کہ ہر سال عید الاضحی کے موقع پر چرم قربانی مہم میں جماعت اسلامی، جے آئی یوتھ اسلامی اور جمعیت طلبہ کے کارکنان کے ساتھ چھوٹے بچے بھی شامل ہو تے ہیں،ان سب کا جذبہ اور کوششیں لائق تحسین ہیں جو عید پر اپنے گھر اور ذاتی مصروفیات کو چھوڑ کر گھر گھر جاکر کھالیں جمع کرتے ہیں تا کہ غریب لوگوں کی مدد کی جا سکے۔ یہی بچے ہمارا مستقبل اور ہماری روایات کے امین ہیں۔ یہ اپنے گھر ،معاشرے اور ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ثابت ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے علاقہ احسن آباد کے زیر اہتمام چرم قربانی مہم کے سلسلے میں بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان اللہ تعالیٰ کی رضاو خوشنودی اور جنت کے حصول کی طلب میں عید الاضحی اور دیگر مواقع پر صرف اور صرف عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی خوشیاں چھوڑ کر ضرورت مندوں کو خوشیوں پہنچانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف نے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ تقریب سے ناظم علاقہ احسن آباد عبدالواجد شیخ نے بھی خطاب کیا۔