میرپورخاص، انتظامیہ لاک ڈائون پر عملدرآمد کرانے میں ناکام

121

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) کورونا ایس او پیز اور لاک ڈائون پر میرپورخاص کی انتظامیہ عملدرآمد کرانے میں ناکام، شہر میں بیشتر مارکیٹیں کھلی رہی، دُکاندار دُکانوں کے باہر بیٹھ کر گاہکوں کو مال سپلائی کرتے رہے، پولیس کے آنے پر آدھا شٹر بند کر کے پولیس سے آنکھ مچولی کرتے رہے۔ شہری ویکسین لگوانے پر کسی صورت تیار نہیں، پولیس کی ایک مرتبہ پھر چاندی ہوگئی۔ میرپورخاص کے شہریوں نے حکومت سندھ کی جانب سے کورونا وائرس میں تیزی آنے پر لاک ڈائون لگانے کے حکم کو ہوا میں اُڑا دیا ہے شہری کسی صورت اس لاک ڈائون اور کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لینے پر تیار نظر نہیں آتے، شہر میں ایک اندازے کے مطابق 20 سے 25 فیصد لوگوں نے ہی ویکسین لگوائی ہے جبکہ 75 فیصد اسے سنجیدگی سے لینے پر تیار نہیں۔ ہوٹلوں، دُکانوں پر لاک ڈائون کے دوران بھی ہجوم نظر آتا ہے۔ لاک ڈائون کے دوران بند دُکانوں کے باہر دُکاندار گاہکوں کے انتظار میں نظر آتے ہیں اور پولیس کے آتے ہی دُکان کا آدھا شٹر بند کر کے پولیس کے جانے کا انتظار کرتے ہیں اگر پولیس کی نظر پڑ جائے تو معاملہ لے دے کر کام جاری رکھتے ہیں۔ یہ صورت حال شہر کے اطراف میں قائم ہوٹلوں کی ہے، جہاں ہوٹل مالکان نے پولیس سے گٹھ جوڑ کر کے اپنا کام چلا رہے ہیں ہوٹلوں، بیکریوں، دودھ، دہی سمیت دیگر کھانے پینے کی جگہوں پر بھی لوگوں کا رش لگا رہتا ہے ایس او پیز پر کوئی بھی شہری عمل کرنے پر تیار نہیں اور انتظامیہ بھی اس حوالے سے خاموش نظر آتی ہے جس کی وجہ سے شہر میں یہ وائرس تیزی سے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ واضح رہے کہ شہریوں کے ساتھ ساتھ انتظامیہ بھی لاک ڈائون پر عملدرآمد کرنے پر کسی صورت تیار نہیں۔