محکمہ اطلاعات صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے

215

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) صحافیوں کے مسائل سے واقف ہیں، محکمہ اطلاعات صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے جلد ٹنڈومحمدخان کے صحافیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ٹنڈو محمد خان کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبداللطیف سولنگی کی ڈسٹرکٹ پریس کلب دورے کے بعد صحافیوں سے بات چیت۔ محکمہ اطلاعات کے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹنڈو محمد خان عبداللطیف سولنگی نے پریس کلب ٹنڈو محمد خان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اطلاعات صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ محکمہ اطلاعات اور صحافی برادری میں ایک گہرا رشتہ ہے، یہی وجہ ہے کہ صحافی برادری اور محکمہ اطلاعات ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوسکتے۔ صحافیوں کے مسائل بالا حکام تک پہنچانا ہمارا فرض ہے، جلد ہی ٹنڈو محمد خان پریس کلب اور صحافی برادری کے مسائل سے بالاحکام کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی ہمیشہ سے سرکاری سرگرمیوں کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں، امید ہے کہ صحافیوں کا تعاون ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا، جس پر ڈسٹرکٹ پریس کلب ٹنڈو محمد خان کے صدر راؤ غلام حسین نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر پریس کلب گورننگ باڈی کے چیئرمین غلام نبی کیریو، ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ کے صدر مظفر رند، ڈسٹرکٹ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے صدر عبدالکریم شیخ، جبار بلوچ، انصار خان، زاہد قریشی، عمر شریف، حفیظ میمن، ایاز راجپوت، عامر جان اور منیر بروہی ودیگر بھی موجود تھے۔