ویجیلنس ٹیموں کے گرلز کالجز کے دورے،پردہ دار طالبات پریشان

237

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کراچی سمیت سندھ بھر میں جاری انٹرمیڈیٹ سال ِ دوم کے امتحانات کے موقع پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن اور ڈائریکٹوریٹ آف کالجز کی جانب سے تشکیل دی جانے والی مردحضرات پر مشتمل ویجیلنس ٹیموں کے گرلز کالجز کے دوروں سے پردہ دار طالبات اور کمرہ امتحان میں ڈیوٹی سرانجام دینے والی خواتین اساتذہ سخت ذہنی اذیت کا شکار ہونے لگیں اور مردحضرات کے گرلز کالجز میں دوروں پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انٹر میڈیٹ کے امتحانات کے موقع پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی اور ڈائریکٹوریٹ کالجز کی جانب سے دوران ِ امتحانات معائنے کے لیے مردحضرات پر مشتمل سپر ویجیلنس ٹیمیں مختلف کالجوں کے دورے کر رہی ہیں اور گرلز کالجز کے امتحانی کمروں میں داخل ہوکر امتحانات کا جائزہ لے رہی ہیں۔ شدید گرمی ، غیر کشادہ کمروں اور لوڈ شیڈنگ کے باعث پردہ دار طالبات اپنے عبایا ، چادر یا برقعے اتار کر امتحان دینے پر مجبور ہوتی ہیں۔