کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات و واقعات میں 6 افراد جاں بحق

249

کراچی(اسٹاف رپورٹر )بدھ کو شہر میں ہونے والے مختلف حادثات و واقعات میں 6افرادجاں بحق اورایک خاتون زخمی ہوگئی، جاںبحق اور زخمی ہونے والوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں، 2افراد کرنٹ لگنے کے واقعات میں جاںبحق ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق قائدآباد کے علاقے لانڈھی گلشن بونیر کے قریب سے تشدد زدہ ایک شخص کی لاش ملی پولیس نے نعش تحویل میں لے کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح سپتال منتقل کی جہاں لاش کی شناخت 65سالہ لال خان ولد عزت خان کے نام سے ہوئی پولیس کے مطابق مقتول علاقے میں چنگ چی رکشا اسٹینڈ کا چوکیدار تھا۔ نیوکراچی ایوب گوٹھ سندھ سوسائٹی کے قریب نامعلوم ملزمان نے ٹارگٹ فائرنگ کرکے20 سالہ نوجوان کو ہلاک کردیا پولیس کے مطابق مقتول کو ملزمان نے تعاقب کے بعد فائرنگ کرکے مارڈالا۔ ملزمان نے کوئی لوٹ مار نہیں کی قتل کی وجوہات مقتول کی شناخت کے بعد سامنے آئیں گی۔ ہلاک ہونے والے شخص کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی ہسپتال منتقل کیا گیا، لیاقت آباد نمبر 8 محمدی سوئیٹ کے قریب گودام میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 20سالہ نوجوان احسان ولد تجلی شاہ جاں بحق ہوگیالاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال منتقل کردیاگیا،ماڑی پور ہاکس بے روڈ پر فٹبال چورنگی کے قریب تیز رفتارگاڑی اورموٹر سائیکل کے تصادم میں35 سالہ عبداللہ ولد محمد یوسف موقع پر ہی جاں بحق جب کہ اس کی 30سالہ بیوی صفیہ شدید زخمی ہوگئی۔پولیس کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا،حادثے کا شکار میاں بیوی ماری پور کے ہی رہائشی تھے سائٹ صنعتی ایریا میں علی رائس مل والی گلی میں کرنٹ لگنے سے 55 سالہ ناصر اللہ ولد بسم اللہ جاں بحق ہوگیا،لاش کوایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہیداسپتال منتقل کیا گیاجہاں متوفی کے اہل خانہ لاش بغیر کسی قانونی کارروائی کے گھر لے گئے،اورنگی ٹاؤن کی ایم پی آر کالونی گلی نمبر17 میں قبا مسجد کے قریب گھرمیں 70 سالہ محمود ولد حضرت علی نے مبینہ طور پرخودکو گولی مارکر خودکشی کرلی۔