حادثات وواقعات میں 3 جاں بحق، خاتون سمیت 9 زخمی

134

کراچی (اسٹاف رپورٹر )منگل کوسرجانی ٹائون میںکرنٹ لگنے سے 7سالہ بچی جب کہ بہار کالونی میں 12سالہ بچہ ٹریفک حادثے میںجاں بحق ہوگیا،فیڈرل بی ایریا میں ایک گھر سے 56سا لہ شخص کی2روزپرانی لاش برآمد ہوئی جب کہ شہر کے مختلف مقامات پر خودسوزی،فائرنگ اور چھریوں کے وار سے خاتون سمیت 9افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون تھانے کی حدود میں واقع لیاری تیسر ٹائون سیکٹر 36میںگھر میں کرنٹ لگنے سے 7 سالہ نازش دختر نذیر گل جاں بحق ہوگئی جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے موت کی تصدیق کے بعد اہل خانہ لاش اسپتال سے بغیر کسی قانونی کارروائی کے گھر لے گئے پولیس واقعے سے لاعملی ظاہر کررہی ہے ،جوہر آباد تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا کے بلاک 14میں ایک گھرسے 56سالہ سلیم احمد کی 2 روز پرانی کی لاش ملی ۔لیاری ایکسپریس وے پر بہار کالونی کے قریب ٹریفک تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 12سالہ ایان ولد فیاض جاں بحق ہوگیا،جب کہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیورموقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا لاش لو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا متوفی بچہ بہار کالونی کا رہائشی تھا ۔گلشن معمار کے اللہ بخش گوٹھ میں رہائش پذیر 30 سالہ زہرہ دختر امداد علی نے مبینہ طور پر خود سوزی کرلی جس کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہا ں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے واقعہ کی اطلاع پر گلشن معمار پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی جہاں سے شواہد جمع کرنے کے علاوہ عینی شاہدین کے بیان بھی قلم بند کیے پولیس کے مطابق بظاہر خاتون نے خود اپنے آپ کو جلا کر خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے تاہم پولیس واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کررہی ہے۔ نیوکراچی سیکٹر 5-G چمن ہوٹل کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں22 سالہ بلال ولد سعید زخمی ہوگیا جس کو نازک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا،پولیس کی ابتدائی تفتیش کے دوران واقعہ ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ،فیڈرل بی صنعتی ایریا میں واقع شفیق کالونی میں پانی کے معاملے پر دو گروپوں میں تلخ کلامی کے بعد ہونے والے تصادم سے چھریوں کے وار سے 3 بھائیوں سمیت 8افراد اقبال حسین ، ظفرحسین، صدام حسین ، افسر خان ،عبدالرحمن،نصیر خان،حماداور شہزاد زخمی ہوگئے زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق جھگڑا پانی کے معاملے پر ہوا،تمام افراد کو معمولی زخمی آئے ۔ واقعہ کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔