اورنگی میں ڈاکو کی فائرنگ سے زخمی ریٹائرڈ اہلکار اسپتال میں چل بسا

111

کراچی( اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹائون میں گزشتہ روز ڈاکوئوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ریٹائرڈ پولیس اہلکار دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اورنگی ٹائون کے علاقے قذافی چوک سوفٹ روڈ پر پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات کے دوران زخمی ہونے والا ریٹائرڈ پولیس اہلکار شرافت علی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا، پولیس نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر مقتول شرافت علی کو گولی مار کر اسلحہ چھین لیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے ، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ڈاکوئوں نے پیچھے سے آنے والی موٹر سائیکل کو روکا، موٹر سائیکل سوار موٹر سائیکل سمیت سڑک پر گر گیا، دونوں ملزمان کو مقتول شرافت سے لوٹ مار کرتے ہوئے اور مقتول کو گولی مارتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔