حیدرآباد اسپورٹس کمپلیکس کو فحاشی کا اڈا بنا دیا گیا، منور علی شاہ

310

 

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن (ایپکا) سندھ کے صدر سید منور علی شاہ، عقیل قریشی، شاہد سومرو نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری اسپورٹس سندھ نے حیدرآباد میں قائم ہاسٹل اور کمپلیکس کا چارج 2019ء میں ریٹائرڈ ہونے والے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ارشاد علی لودھی کے حوالے کردیا ہے جبکہ ارشاد لودھی کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والے ملازمین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہا ہے، تین ملازمین ہاسٹل کے آفیسر، سپرنٹنڈنٹ ہیرا لال، اسسٹنٹ اکائونٹنٹ شاہد، ایپکا یونٹ کے صدر غلام نبی سولنگی کا کراچی تبادلہ کردیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ارشاد لودھی جعلی بلوں کے ذریعے لاکھوں روپے کی کرپشن کررہا ہے، ایک بل میں ایسے اسٹور کا ریکارڈ دکھایا گیا ہے جس کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ارشاد لودھی نے سات اسکیل کے الیکٹریشن ذاکر حسین کو ہاسٹل کا انچارج بنادیا ہے جو کہ پچاس لاکھ کی گاڑی میں گھوم رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ارشادہ لودھی نے غیر متعلقہ افراد کوکمرے بک کرکے اسپورٹس کمپلیکس کو فحاشی کا اڈا بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس بورڈ میں کام کرنے والے ملازمین کو 18 ہزار روپے تنخواہ ادا کی جارہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ارشاد لودھی کی کرپشن کیخلاف سندھ بھر میں تحریک شروع کی جائے گی جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔