میرپورخاص میونسپل کمیٹی کا چیف افسر کو قتل کی دھمکیاں

89

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)میونسپل کمیٹی میرپورخاص کا چیف آفیسر کو قتل کی دھمکیاں،چیف آفیسر چارج چھوڑ کر روانہ ہوگئے،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو لیٹر بھی لکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق میرپورخاص کی مویشی منڈی وبال جان بنی ہوئی ہے اور آئے روز اس حوالے سے کوئی نہ کوئی خبر سننے کو مل رہی ہے،مویشی منڈی کا ٹھیکا حاصل کرنے کے لیے دو بااثر گروہوں میں چلنے والی تکرار سے ایک ہفتہ قبل بدلی ہو کر میرپورخاص میں تعینات ہونے والے گریڈ 19 کے چیف میونسپل آفیسر گل محمد کھوکھر بھی اپنی زندگی کو لاحق خطرے کے پیش نظر اپنے عہدے کا چارج چھوڑ کر روانہ ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے چیف میونسپل آفیسر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ایک لیٹر لکھا ہے جس میں انہوں کہا ہے کہ میں نے محکمہ کے اعلیٰ افسران اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے مویشی منڈی گاؤں حاجی عبد اللہ پہنور میں منتقل کی لیکن کچھ با اثر افراد مویشی منڈی کی منتقلی کے خلاف ہیں اور وہ مجھ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ مویشی منڈی گاؤں حاجی عبداللہ پہنور میں منتقل نہ کی جائے یا پھر انہیں لکھ کر دیا جائے کہ مویشی منڈی غیرقانونی طریقے سے منتقل کی گئی ہے۔ انہوں نے لکھے گئے لیٹر میں مزید بتایا ہے کہ مویشی منڈی کی منتقلی کے بعد انہیں قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے فرائض صحیح طریقے سے انجام نہیں دے سکتے۔