حکومت ساحلی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،شمس النسا

114

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کی ممبر قومی اسمبلی و چیئرپرسن پیٹرولیم سوشل اور پیٹرولیم میرین ڈیولپمنٹ کمیٹیز ٹھٹھہ شمس النساء میمن کی زیر صدارت دربار ہال مکلی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی، ڈپٹی کمشنر و سیکرٹری پیٹرولیم سوشل اور پیٹرولیم میرین ڈیولپمنٹ کمیٹیز ٹھٹھہ غضنفر علی قادری، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر صادق علی میمن، پی پی کے جنرل سیکرٹری امتیاز احمد قریشی، ڈائریکٹر سی سی ڈی ایس سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ پروفیسر ڈاکٹر مختار مہر، اسسٹنٹ پروفیسر سینٹر آف ایکسلینس ان میرین بائیولوجی کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر فیض محمد، ریسرچ آفیسر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشنوگرافی کراچی نور احمد کلہوڑو، او جی ڈی سی ایل اور ماری پیٹرولیم لمیٹڈ کے نمائندوں، پبلک ہیلتھ، بلڈنگز اور ایجوکیشن ورکس کے انجینئرز کے علاوہ محکمہ صحت، تعلیم، پی پی ایچ آئی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم این اے و چیئرپرسن پیٹرولیم سوشل اور پیٹرولیم میرین ڈیولپمنٹ کمیٹیز ٹھٹھہ شمس النساء میمن نے کہا کہ سندھ حکومت ضلع کی ترقی، خاص طور پر ساحلی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس ضمن میں تیل و گیس پیدا کرنے والی مختلف کمپنیوں کی جانب سے ضلع کی ترقی اور سماجی بہبود کی سرگرمیوں کے لیے مختص کردہ فنڈز تعلیم، صحت، پینے کے پانی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے صاف اور شفاف طریقے سے خرچ ہوں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو سکے۔ اجلاس کو تمام متعلقہ محکموں کے انجینئرز کی جانب سے ضلع میں جاری اور مکمل منصوبوں کی تفصیلی بریفنگ کے بعد اپنی تجاویز پیش کیں۔ بعدازاں، ڈائریکٹر سی سی ڈی ایس سندھ یونیورسٹی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر مختار مہر، اسسٹنٹ پروفیسر سینٹر آف ایکسلینس ان میرین بائیولوجی جامعہ کراچی ڈاکٹر فیض محمد اور ریسرچ آفیسر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوشنوگرافی نور احمد کلہوڑو نے مختلف اقسام کی تحقیق کے لیے آلات و دیگر مصنوعات کی خریداری اور دستیابی کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے اپنی تجاویز پیش کیں تاکہ زراعت، ماہی گیری، مینگروز، سمندری غذا اور قدرتی آفات کے بارے میں تحقیق کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر ایم پی اے سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی کوششں ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ضلع میں زمینی ترقیاتی منصوبوں پر وسیع تحقیقات کے بعد فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ ضلع کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ملنے والے فنڈز کو میرٹ کے ساتھ معیار کے مطابق خرچ کیا جاسکے۔ اس موقع پر کمیٹی کے مشترکہ فیصلے کے تحت ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری نے اسسٹنٹ کمشنر گھوڑاباری، پبلک ہیلتھ اور بلڈنگز کے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جس کو تکنیکی طریقہ کار کے ساتھ گازھو شہر کے آر سی سینالے، ڈرین و دیگر منصوبوں کے متعلق جلد رپورٹ پیش کریں تاکہ مزید پیش رفت ہو سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ایسی حکمت عملی تیار کریں تاکہ دستیاب فنڈز کی لاگت کے ساتھ بروقت معیاری کام کیا جاسکے۔ انہوں نے متعلقہ انجینئرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ جاری اسکیموں پر کام تیز کریں تاکہ ضلع کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جاسکے، جبکہ کمیٹی کی جانب سے تمام تجاویز کو محفوظ کرتے ہوئے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے حتمی فیصلہ دیا جائے گا۔