ایڈمنسٹریٹر کاعباسی شہیداسپتال کادورہ‘عملے کی عدم حاضری پربرہم

75

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے جمعہ کے روز میٹروپولیٹن کمشنر دانش سعید کے ہمراہ عباسی شہید اسپتال میں قائم کووڈ19 وارڈ کا اچانک دورہ کیا اور وارڈ کی صورتحال اور عملے کی غیرحاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا، اس موقع پر انچارج ریڈیولوجی ڈاکٹرمبارک کو عدم دلچسپی،کاموں میں رکاوٹ اور دیگر معاملات کے تحت،جبکہ متعدد پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسرز کو بھی معطل کردیا گیا جبکہ کئی ڈاکٹرز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کردیے گئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اگر آج رات سے ہی ڈاکٹرز و پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی ڈیوٹی پر نہیں آئے تو آئندہ بھی ان کی ضرورت نہیں ہوگی، جو پوسٹ گریجویٹ اور ہاؤس آفیسرز ڈیوٹی پر نہیں ہوں گے انہیں ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا اور متعلقہ ادارے سے ان کی ڈگری معطل کرنے کی درخواست کی جائے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ ضرورت کے مطابق ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو کے ایم سی کے دوسرے بڑے اسپتالوں سے فوری طلب کیا جائے اور ان کی یہاں ڈیوٹی لگائی جائے، موجودہ صورتحال میں ہمیں عباسی شہید اسپتال کے کووڈ وارڈ کو ہر صورت میں فوری فعال کرنا ہے تاکہ کراچی کے شہریوں کو یہاں ہمہ وقت مکمل طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں،انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے بعد کوویڈ کے مریضوں میں اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اس لیے حکومت نے بھی فوری طور پر مختلف احتیاطی اقدامات کا اعلان کیا ہے، موجودہ صورتحال میں اس اہم اسپتال کے کوویڈ وارڈ کو فوری فعال کرنا ضروری ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا کوئی بہانہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔