لاڑکانہ میں سینٹر ڈیجیٹل لائبریری عالمی طرز پر تعمیر کی جارہی ہے

223

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نثار احمد کھوڑو نے وائس چانسلر جامعہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ہمراہ جامعہ کے چار اہم منصوبوں پروفیسر ڈاکٹر بلقیس ملک گرلز ہاسٹل انکلیو، پوسٹ گریجویٹس طلبہ کے لیے نئی زیر تعمیر ہاسٹل نمبر 8 اور انسٹی ٹیوٹ آف فارمیسی اینڈ ریہبلی ٹیشن سائنسز کا افتتاح کیا جہاں پروجیکٹ ڈائریکٹر کی جانب سے انہیں بریفنگ دی کہ سینٹر ڈیجیٹل لائبریری بین الاقوامی طرز پر تعمیر کی جارہی ہے جو اپنی طرز کی ایک بہترین سینٹرل ائرکنڈیشن لائبریری ہوگی جس میں ایک ہی وقت 700 طلبہ مستقید ہوںگے، جامعہ میں انسٹی ٹیوٹ آف فزیو تھراپی اینڈ ریہبلی ٹیشن سائسنز کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل جامعہ کی چھتری تلے دو میڈیکل کالجز، ایک ڈینٹل کالج ، ایک نرسنگ اور ایک فارمیس کا ادارہ کام کررہے تھے اس کے علاوہ نئے ہاسٹلز کی تعمیرات سے ہاسٹل کی کمی بھی کسی حد تک پوری ہوگی۔اس موقع پر صوبائی مشیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ مجھے اس جامعہ میں آکر بہت خوشی ہوتی ہے کیونکہ یہ جامعہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا خواب تھی جبکہ چانڈکا میڈیکل کالج شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے دیا ہوا تحفہ ہے جسے وائس چانسلر پروفیسر انیلا عطا الرحمن نے ترقی دلوائی ہے جو قابل تعریف ہے، ایک باشعور قوم کا یہ فرض ہوتا ہے کہ وہ اپنے اداروں کا خیال رکھیں اور ان کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر انیلا عطا الرحمن نے صوبائی مشیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ حکومت سندھ جامعہ کے ضروریات کو سمجھتی ہے جن منصوبوں کا افتتاح آج ہوا ہے اور ان میں سے سینٹرل ڈیجیٹل لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے یہ لائبریری جدید اور مکمل کمپیوٹرائزڈ ہوگی جس میں بہتر ماحول کے ذریعے 700 طلبہ کو بٹھانے کی گنجائش ہوگی، جدید ڈیجیٹل لائبریری کے قیام سے طلبہ اور تحقیق دانوں کو بھی مدد ملے گی باقی دیگر تین منصوبوں کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کے مستقبل میں بہتر نتائج ملیں گے اور اس سے تحقیق کو فروغ ملے گا اور طبی سائنس جدید تقاضوں کو متعارف کروایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اب بین الاقوامی طرز کے جامعہ سے کم نہیں ہمیں یقین ہے کہ جلد ہمارے ادارے کا شمار ملک کے بہترین اداروں میں ہوگا، جامعہ کی ترقی کے لیے ثابت قدم ہیں یہ منصوبہ تحقیق کے میدان میں ایک سنگ میل ثابت ہوںگے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو، پی پی پی رہنما خیر محمد شیخ، جامعہ کے تمام ڈینز، فیکلٹی اور افسران بھی موجود تھے۔