ریاست مدینہ عوام کو نچوڑ رہی ہے،اسماعیل راہو

172

کراچی (آن لائن)صوبائی وزیرزراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی، چینی اور آٹا مہنگا کرنے کا فیصلہ عوام پر ڈرون حملہ ہے۔ گھی کی قیمت میں 90 روپے،چینی 17 روپے اور 20 کلو آٹے پر 150 روپے اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے مزید اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو اشیائے خور و نوش پر سبسڈی فراہم کرے، چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے ہر روز غریب عوام پر مہنگائی کا سونامی لاتے ہیں۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ تباہی سرکار نے تیس دنوں میں تین مرتبہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا، پیٹرول مہنگا کرنے کے 24 گھنٹوں بعد عوام پر ایک اور مہنگائی کا بم گرادیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا میں حکومتیں عوام کو ریلیف دے رہی ہیں اور ریاست مدینہ عوام کو نچوڑ رہی ہے، وفاقی حکومت کا یوٹیلٹی ریلیف پیکج عوام کےلیے تکلیف پیکج ہے، 50ارب کی سبسڈی کے باوجود یوٹیلٹی ا سٹورز پر اشیاءمہنگی کیوں کی گئیں۔