میرپورخاص، بجلی کی بندش، شدید گرمی میں شہریوں کی زندگی اجیرن

160

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) حیسکو حکام کی بدترین نااہلی اور کرپشن نے شدید ترین گرمی میں شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، غیر اعلانیہ اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے لوڈشیڈنگ کرکے نظام زندگی کوٹھپ کردیا گیا ہے۔ کئی کئی دنوں تک شہر کے مختلف علاقوں کے خراب ٹرانسفارمر ٹھیک نہ کرنے سے گھروں میں موجود مریضوں، بڑی عمر کے افراد اور معصوم بچوں کی زندگیوں کو شدید ترین موسم میں خطرات لاحق ہیں۔ کرپشن، بجلی چوری میں ملوث حیسکو حکام لائن لاسز کا نقصان غریب صارفین سے وصول کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپور خاص حاجی نورالٰہی مغل نے شہر کی بجلی کی فراہمی کی بدترین صورتحال اور حیسکو حکام کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کیا۔ حاجی نورالٰہی مغل نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے تمام تر دعووں کے باوجود عوام کو بجلی، پانی اور گیس جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء تک مہیا نہیں کرسکے ہیں، جو کہ ان حکمرانوں کی بدترین نااہلی اور بدانتظامی کا ثبوت ہے۔ انسانی حقوق اور صارفین کے حق کے لیے لڑنے والے محب وطن ادارے ان کرپٹ محکموں کے اعلیٰ حکام کو لگام ڈالیں اور ان کی کرپشن اور نااہلی سے عوام کی جان چھڑائیں۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے پرامن آئینی جدوجہد کی صورت میں کرپٹ حکمرانوں اور کرپٹ حکام سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔