یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی ، چینی مہنگی کرنا ڈرون حملہ ہے،اسماعیل راہو

117

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیرزراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا یوٹیلٹی اسٹورز پر گھی، چینی اور آٹا مہنگا کرنے کا فیصلہ عوام پر ڈرون حملہ ہے۔ گھی کی قیمت میں 90 روپے،چینی 17 روپے اور 20 کلو آٹے پر 150 روپے اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ تباہی سرکار نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا بم گرادیا،صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو اشیائے خورد و نوش پر سبسڈی فراہم کرے، چور دروازے سے اقتدار میں آنے والے ہر روز غریب عوام پر مہنگائی کا سونامی لاتے ہیں۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ تباہی سرکار نے 30 دنوں میں تین مرتبہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا، پیٹرول مہنگا کرنے کے 24 گھنٹوں بعد عوام پر ایک اور مہنگائی کا بم گرادیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا یوٹیلٹی ریلیف پیکیج عوام کیلیے تکلیف پیکیج ہے، 50ارب کی سبسڈی کے باوجود یوٹیلٹی ا سٹورز پر اشیامہنگی کیوں کی گئیں؟