ا دوسرا ون ڈے: انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز جیت لی

198

کراچی (سید وزیر علی قادری) کورونا وائرس کے باعث مشکلات کی شکار اور نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔

 لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم میچ میں مکمل حاوی دکھائی دی، اور مہمان ٹیم کو کھل کر کھیلنے نہ دیا اور 52 رنز سے فتح اپنے نام کی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا،ابتدا میں ہی انگلینڈ کی ٹیم 2 قیمتی وکٹوں سے محروم ہوگئی تھی، تاہم فل سالٹ کے 60 اور جیمز وینس کے 56 رنز کی بدولت میزبان ٹیم نے اپنا خسارہ کم کیا۔

ایک جانب پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی وکٹیں لیتے رہے تو دوسری جانب انگلش بلے بازوں کی جانب سے اپنی ٹیم کے لیے رنز بنا کر حصہ ڈالنے کا سلسلہ جاری رہا۔

لوئر مڈل آرڈر بیٹسمین لوئس گریگوری کے 40 اور بائڈن کارس کے 31 رنز کی مدد سے انگلینڈ کی ٹیم 247 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔حسن علی سب سے کامیاب بولر رہے جنھوں نے 51 رنز دے کر 5 حریف کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ان کے علاوہ حارث رؤف2 جبکے شاہین آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل ایک ،ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازکمزور انگلینڈ کے سامنے اپنی صلاحتیوں کے مطابق کھیل پیش کرنے سے قاصر رہے۔پاکستان کی جانب سے صرف سعود شکیل نے قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی اور ٹیم کو جیت کے قریب لانے کی کوشش کی، انہوں نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔

حسن علی نے 3 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اسکور کو آگے بڑھایا،بابر اعظم اور صہیب مقصود 19، 19رنز اور شاداب خان 21 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے، پاکستان کی ٹیم 195 رنز پر آؤٹ ہوگئی، اس طرح انگلینڈ نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔