افغان حکومت اور طالبان کے درمیان افغانستان میں پرامن سیاسی حل تلاش کرنے پر اتفاق

267

دوحہ: افغان حکومت اور طالبان کے درمیان افغانستان میں پرامن سیاسی حل تلاش کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

قطر میں طالبان سیاسی دفترکے ترجمان محمد نعیم کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ایران میں طالبان اور افغان سیاسی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں افغانستان کے مسئلے کا  پر امن طریقے سے حل تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف بھی موجود تھے۔

ترجمان نے کہا کہ ایران میں طالبان وفد کی افغان سیاسی وفد سے گذشتہ روز اور آج ملاقات ہوئی، ملاقات میں فریقین متفق ہوئے کہ جنگ افغان مسئلےکا حل نہیں، افغانستان کے مسئلے کا پر امن طریقے سے حل کی تلاش کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین امن کی راہ ہموار کرنےکے طریقہ کار، متفقہ اسلامی نظام اور اس کے حصول کے طریقہ کار پر بات چیت،  مزید مشاورت اور وضاحت طلب معاملات کےحل کے لیے مذاکرات خوشگوارماحول میں کیےجانے پربھی رضامند ہوئے۔

طالبان ترجمان کے مطابق فریقین نے لوگوں کے گھروں، اسکول، مساجد اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے اور سہولیات کو تباہ کرنے کی بھی سخت مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔