عوام حکومت سے نالاں اور موجودہ سسٹم سے نجات چاہتے ہیں،میاں محمد اسلم

272
اسلام آباد: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم این اے 54 کے دورے کے موقع پر مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کررہے ہیں

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے بے روزگاری و مہنگائی کے خلاف تحریک کاآغاز کردیاہے جسے حتمی مرحلے تک لے کر جائیں گے۔ عوام کی اکثریت پی ٹی آئی حکومت کی پالیسیوں سے سخت نالاں اور موجودہ سسٹم سے نجات چاہتی ہے۔پی ٹی آئی کے تین سالہ دور میں ملک میں غربت اور بے روزگاری میں کئی گنا اضافہ ہوا ملکی مسائل کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا صنعت و زراعت کا برا حال ہے ۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کوئی بہتری نہیں آئی،چینی، آٹا، گھی ، پٹرول ، سی این جی ، ایل پی جی سمیت تمام بنیادی ضرورت کی قیمتوں میں 35 فیصد سے لے کر سو فیصد تک اضافہ ہوا ، حکومت نے ایک جانب قرضوں پر قرضے لیے ، دوسری جانب اداروں کو کمزور کیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جی ٹین کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔میاں محمد اسلم نے کہا جماعت اسلامی اللہ کے دین کو اللہ کی زمین پر غالب کرنا چاہتی ہے ۔ ہماری سیاست کا مقصد فرد کے ذریعے معاشرے کی اصلاح ہے ۔ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی جمہوری ریاست بنائیں گے اوربانیان پاکستان کے خواب کو تعبیر دیں گے ، رشوت ، کرپشن اور اقربا پروری عام ہو گئی ہے ،عوام کو بنیادی ضروریات تک سے محروم کردیا گیا ، آج عوام بجلی اور پانی سے محروم ہیں، انھوں نے کہا ان خان نے سو دنوں میں انقلاب برپا کرنے کا دعویٰ کیا لیکن 1100 دنوں میں تبدیلی بدنامی او رسوائی بن گئی ہے ۔ بجلی وافر موجود لیکن مہنگی ترین ہے ، عوام مہنگے بل برداشت کرتے ہیں۔