پاک ترک فوجی سربراہان کی ملاقات ،دفاعی سیکورٹی تعاون پر گفتگو

230
اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی ترکی فوج کے کمانڈر جنرل امت دوندار کو نشانہ امتیاز دے رہے ہیں

راولپنڈی/اسلام آباد (این این آئی+اے پی پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترک افواج کے سربراہ جنرل امت نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی اور سیکورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترکی کی افواج کے سربراہ کو جی ایچ کیو پہنچنے پر گارڈ آف آنر دیاگیا۔ملاقات میں دوطرفہ سطح پر فوجی روابط کو مزید مستحکم کرنے اور تربیتی، انسداد دہشت گردی امور میں تعاون میں وسعت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ بیان کے مطابق جنرل امت نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں بندھے ہیں۔ترک افواج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے میں قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔بعد ازاں ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک خصوصی تقریب میں جنرل امیت کو نشان امتیاز (ملٹری)عطا کیا۔ تقریب میں پاکستان کے سینئر فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر جنرل امیت نے کہا کہ ترکی کے عوام پاکستانیوںکو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت کی جانب سے نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔