صدر وفاق المدارس العربیہ ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر انتقال کرگئے

360

وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی امیر ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر انتقال کرگئے۔

ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر کورونا کے باعث کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ عبدالرزاق سکندر عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر اور جامعہ العلوم الاسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاوَن کراچی کے مہتمم تھے۔

مرحوم1935ء میں ضلع ایبٹ آباد کے گاؤں کوکل کے ایک دینی گھرانے میں پیدا ہوئے ۔  بچپن ہی سے علماء و صلحاء سے گہرا تعلق تھا ، جس کا اثر اُن کی زندگی پر ایسا نمایاں تھا کہ دینی معلومات آپ کو خوب مستحضر تھیں ، جس کی بنا پر بہت سے علما بھی آپ سے محتاط انداز میں گفتگو کرتے تھے، کیوں کہ غلط بات پر آپ ٹوک دیا کرتے تھے۔

قرآن کریم کی تعلیم اور میٹرک تک دنیاوی فنون گاؤں میں حاصل کیے۔ اس کے بعد ہری پور کے مدرسہ دارالعلوم چوہڑ شریف میں دو سال، اور احمد المدارس سکندر پور میں دو سال پڑھا۔ 1952ء میں مفتئِ اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ تعالیٰ کے مدرسہ دارالعلوم نانک واڑہ کراچی میں درجہ رابعہ سے درجہ سادسہ تک تعلیم حاصل کی ۔ درجہ سابعہ و دورۂ حدیث کے لیے محدّث العصر علامہ سید محمّد یوسف بَنُوری رحمۃ اللہ علیہ کے مدرسہ جامعۃ العلوم الاسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں داخلہ لیا، اور 1956ء میں فاتحۂِ فراغ پڑھا ۔ (واضح رہے کہ اس مدرسہ میں درسِ نظامی کے پہلے طالبِ علم آپ ہی تھے۔) اس کے بعد آپ نے 1962ء میں جامعہ اسلامیہ مدینہ منوّرہ(جس کے قیام کو ابھی دوسرا سال تھا) میں داخلہ لے کر چار سال علومِ نبویہ حاصل کیے۔

 بعد ازاں جامعہ ازہر مصر میں 1972ء میں داخلہ لیا، اور چار سال میں دکتورہ مکمل کیا؛ جس میں “عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ امام الفقہ العراقی” کے عنوان سے مقالہ سپردِ قلم فرمایا۔