امریکا اور اس کے اتحادیوں نے داعش کیخلاف کمر کس لی

338

امریکہ اور اُس کے اتحادی ممالک نے افریقہ میں ابھرتی دہشت گرد تنظیم داعش کو شکست دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

امریکی نیوز ویب سائٹ یو پی آئی کے مطابق اٹلی کے شہر روم میں عالمی اتحاد کے 83 رکنی ممالک کی میٹنگ ہوئی جس میں تمام ممالک نے مشترکہ بیان جاری کیا جس میں انہوں نے داعش کے خلاف اپنے عزم کی توثیق کی اور افریقہ کو اس دہشت گرد تنظیم سے پاک کرنے کا عہد کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ افریقہ میں داعش کی توسیع سے خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہے ، خاص طور پر سب-صحارا خطے میں۔

اٹلی کے وزیر خارجہ لیگی ڈی ماؤ نے امریکا کی مدد سے میٹنگ میں پلان ترتیب دیا جس کے تحت خطے میں داعش کی نشاندہی اور اُس پر قابو پانے کیلئے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ہم افریقہ میں داعش کے پھیلاؤ سے خوفزدہ ہیں۔ اس پر جلد سے جلد قابو پانا انتہائی ضروری ہے۔