کندھکوٹ، کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے 6 افراد گرفتار

246

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر کشمور ایٹ کندھکوٹ منورعلی مٹیانی نے میڈیا پر ضلع بھر میں کیمیکل دودھ فروخت ہونے کی نشاندہی پر پولیس، محکمہ خوراک اور انتظامیہ کی کارروائی کیمیکل دودھ فروخت کرنے والے 6 افراد گرفتار، مضر صحت دودھ فروخت کرنے پر مقدمہ درج۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں کیمیکل ملے دودھ کے بارے میں ایک اہم پریس کانفرنس کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر، ایس پی حسنین وارث اور کندھکوٹ پریس کلب کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے سماجی نمائندگان اور میڈیا پر چلنے والی خبروں کا بروقت نوٹس لیتے ہوئے فوڈ اتھارٹی کو خط جاری کیا گیا تھا، فوڈ اتھارٹی، پولیس اور انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے کیمیکل والا دودھ فروخت کرنے والے 6 افراد گرفتار کیے ہیں جن پر مضر صحت دودھ فروش اور پولیس کے ساتھ مقابلے کا کیس داخل کیا گیا ہے۔ میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے بروقت کاروائی کرنے پر ایس ایس پی کی ٹیم کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے بہتر حکمت عملی کے ساتھ کاروائی کرتے ہوئے چھے افراد کو گرفتار کیا۔ ہماری کوشش ہے کہ ان کو سخت سے سخت سزا دی جائے ہم میڈیا کے دوستوں کا بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اہم مسئلہ کی نشاندھی کروائی۔کیمیکل ملا دودھ اگر میڈیکل اسٹور پر فروخت ہو رہا ہے تو اس کی بھی نشاندہی کریں، ان کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر اے ایس پی حسنین وارث کا کہنا تھا کہ پولیس کا کیمیکل دودھ فروش گروہ کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہیں اور 25 افراد میں سے 6 افراد گرفتار کیے گئے ہیں باقی 19 افراد کیخلاف کارروائی جاری ہے، ملزمان میں اشرف علی ولد حمل چاچڑ، عبدالجبار ولد شامیر چاچڑ، بلخ شیر ولد بہادر قمبرانی پیارو ولد بہادر انور علی ولد شیر محمد اور عثمان ولد شمن علی سندرانی شامل ہیں ۔